ماڑی انرجی لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گیس کی نئی دریافت کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماڑی انرجی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے کلچاس ساؤتھ بلاک میں واقع تبری-ون کنویں سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ ذخائر کنویں کی 7 ہزار 170 فٹ گہرائی میں پائے گئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی پیداواری ٹیسٹ کے دوران کنویں سے یومیہ 6.5 سے 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی (ملین مکعب فٹ یومیہ) تک گیس کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ایک حوصلہ افزا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس دریافت سے نہ صرف ملکی گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ توانائی بحران پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تکنیکی تجزیے اور جانچ کے بعد پیداوار کے حتمی تخمینے سامنے آئیں گے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا ماننا ہے کہ بلوچستان میں گیس کی نئی دریافتیں خطے کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
