پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے باعث عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 1.15 ڈالر فی لیٹر کے برابر ہے، جو خطے کے کئی ممالک سے زیادہ ہے۔ اس کے مقابلے میں بھارت میں پیٹرول کی قیمت 1.03 ڈالر فی لیٹر ہے، جبکہ سری لنکا میں 94 سینٹ اور بنگلادیش میں 95 سینٹ فی لیٹر پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، روپے کی قدر میں کمی اور ٹیکسوں کے بوجھ کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں حکومت نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی تیل منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے تک اضافہ کیا گیا۔
اضافے کے بعد ملک میں پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔ اس اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، زرعی اخراجات اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بلند رہیں اور روپے کی قدر مزید کم ہوئی تو پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے، جس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے
