اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ وفاقی حکومت آج جمعہ کے روز نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے پاس مارچ کے مہینے کے لیے تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی کے باعث حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرنا پڑ رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق اس وقت عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں پر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت اسلام آباد میں آج سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ فیول کے استعمال کو کم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ حکومت نے جیٹ فیول اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ ملکی سطح پر ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ادھر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ اعلان جمعہ کے روز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں تیل کی اوسط قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت گزشتہ ہفتے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر چکی ہے، جس کے بعد اب مزید اضافے کے امکانات پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے
