اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی درخواست پر گندم سے تیار کردہ مصنوعات برآمد کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے، جس سے ملکی زرعی شعبے اور فلور مل انڈسٹری کو نمایاں معاشی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے ایک لاکھ ٹن گندم مصنوعات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ پہلے مرحلے میں آٹا، میدہ، سوجی اور دیگر گندم سے تیار مصنوعات متحدہ عرب امارات کو برآمد کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان کی فلور مل انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ کسانوں کو بھی اپنی پیداوار کی بہتر قیمت ملنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
حکام کے مطابق سری لنکا،چین اور دیگر ممالک نے بھی پاکستان سے گندم مصنوعات خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے مستقبل میں زرعی برآمدات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام فلور ملز برآمدی نظام میں شامل ہوں گی تاکہ گندم مصنوعات کی برآمدات کو منظم، شفاف اور مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ گندم مصنوعات کی برآمدات کے عمل میں فعال کردار ادا کیا جائے اور معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں نئی گندم کی فصل کی آمد شروع ہو چکی ہے جس کے باعث ملکی ضروریات سے زائد گندم دستیاب ہونے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کی مقامی نئی گندم آئندہ ماہ مارکیٹ میں پہنچنا شروع ہو جائے گی۔
ماہرین کے مطابق گندم مصنوعات کی برآمد سے نہ صرف زرِ مبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی زرعی معیشت کو بھی مضبوط سہارا ملے گا
