پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عالمی مالیاتی ادارے اورپاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس سے ملک میں معاشی استحکام کی نئی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس معاہدے کی حتمی منظوری کے بعد پاکستان کو توسیعی مالی سہولت کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ استحکام و پائیداری سہولت کے تحت اکیس کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان دونوں انتظامات کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر تقریباً ساڑھے چار ارب ڈالر تک ادائیگیاں متوقع ہیں، جو ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ماہرین معاشیات کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ، زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور بڑھتے ہوئے مالیاتی خسارے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ دیگر ممالک اور سرمایہ کاروں کیلئے بھی مثبت پیغام جائے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں مالی نظم و ضبط بہتر ہوگا، کرنسی پر دباؤ میں کمی آئے گی اور معاشی اصلاحات کے عمل کو تقویت ملے گی، تاہم حکومت کو سخت شرائط پر عملدرآمد بھی یقینی بنانا ہوگا۔
