ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عالمی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 105 اعشاریہ 55 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 3 فیصد اضافے کے بعد 103 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور جنگ کے پھیلاؤ کے خدشات نے عالمی توانائی منڈی کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے اور قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے قوم سے خطاب میں ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد ہی تمام فوجی مقاصد حاصل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے آئندہ دو سے تین ہفتوں کے دوران ایران پر مزید شدید حملوں کا عندیہ بھی دیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے، خصوصاً ان ممالک پر جو توانائی درآمد کرتے ہیں
