اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم انڈسٹری نے ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 95 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جو آج اس حوالے سے اہم اعلان کر سکتے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب بھی متوقع ہے، جس میں نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جا سکتا ہے بلکہ توانائی کے شعبے سے متعلق جامع حکمت عملی بھی پیش کی جائے گی۔ اس حکمت عملی میں پیٹرول کی کھپت کم کرنے، متبادل توانائی کے فروغ اور معیشت پر بوجھ کم کرنے کے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں یہ کمی حالیہ ایران-امریکہ جنگ بندی کے بعد دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کم ہوئی اور خام تیل کی سپلائی میں استحکام آیا۔
بین الاقوامی منڈی میں برطانوی خام تیل (Brent Crude) کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو پہلے 112 ڈالر فی بیرل تھی اور اب کم ہو کر 94 ڈالر 69 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے، یعنی تقریباً 13 سے 15 فیصد کمی۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
عوام اور کاروباری حلقے اب حکومت کے باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں، جس سے مہنگائی میں کمی اور معیشت کو سہارا ملنے کی امید کی جا رہی ہے
