کراچی: مشرق وسطیٰ میں دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی ثالثی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے روکنے کا اعلان کیا، جس کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔
آج کاروباری ہفتے کے تیسرے دن پی ایس ایکس میں 100 انڈیکس میں 12 ہزار 362 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور اس وقت انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اتنی بڑی تیزی کے باعث کاروبار کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا، تاہم اسٹاک ایکسچینج میں دوبارہ کاروبار صبح 10:42 منٹ پر بحال ہو گیا۔
اس کے علاوہ، جاپان کے ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج نکئی میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نیوزی لینڈ کے ڈی جے اسٹاک میں 2.5 فیصد اور آسٹریلیا کے اے ای ایس ایکس میں 2.65 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی کامیاب ثالثی اور خطے میں امن کی امیدوں کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، جس کی عکاسی اسٹاک مارکیٹ میں اس زبردست تیزی سے ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے پاکستان کی دو ہفتے کی جنگ بندی کی تجویز قبول کر لی ہے، اور ایران نے اپنے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے خطے میں تیل کی ترسیل اور عالمی مارکیٹس میں استحکام کی توقع بڑھ گئی ہے
