ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اس بہتری کے باوجود مختلف اندرونی و بیرونی خطرات بدستور موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ بڑھ کر 4.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جو معاشی بحالی کی ایک مثبت علامت ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث مہنگائی اور معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 6.4 فیصد جبکہ 2027 میں 6.5 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں تیل اور گیس کی عالمی قیمتوں میں اضافے کو معیشت کیلئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے بیرونی جھٹکوں سے نمٹنے کیلئے اقتصادی اصلاحات کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ نجی سرمایہ کاری میں اضافہ معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ تعمیراتی شعبے اور صنعت میں بھی بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جو روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ عرصے میں محتاط مانیٹری پالیسی میں ممکنہ نرمی کی جا سکتی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی امید ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ معاشی اشاریے بہتری کی جانب اشارہ کر رہے ہیں، لیکن پائیدار ترقی کیلئے پالیسی تسلسل، برآمدات میں اضافہ اور توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دینا ناگزیر ہوگا
