پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے لیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو مزید ریلیف مل گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور مختلف کمپنیوں نے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئے کرایے فوری نافذ کر دیے ہیں۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ 7190 روپے سے کم ہو کر 5390 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 2880 روپے سے کم ہو کر 2160 روپے، جبکہ مری کا کرایہ 3500 سے کم ہو کر 2620 روپے کر دیا گیا ہے۔
دیگر روٹس میں ملتان کیلئے کرایہ 2630 سے کم ہو کر 1970 روپے، بہاولپور کیلئے بھی 2630 سے کم ہو کر 1970 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رحیم یار خان کا کرایہ 3160 سے کم ہو کر 2370 روپے جبکہ ایبٹ آباد کا کرایہ 3750 روپے سے کم ہو کر 2810 روپے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی ٹرکوں اور منی مزدا کے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی صورت میں سامنے آنا عوام کیلئے ایک بڑی سہولت ہے، جس سے نہ صرف سفر سستا ہوگا بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر آنے والی لاگت کم ہونے سے مہنگائی میں بھی کمی کا امکان ہے
