وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی مالی معاونت پاکستان کی بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں کے بہار اجلاس کے موقع پر عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اجلاس کے دوران عالمی درجہ بندی کے ادارے موڈیز کے نمائندگان سے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان نے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت ادا کی جا رہی ہیں، جو معیشت پر اعتماد کی بحالی کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کے لیے درمیانی مدت کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیرخزانہ نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
