اسلام آباد: آبنائے ہرمز کے کھلنے کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بڑا ریلیف ملا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق ڈیزل کے بعد اب لائٹ ڈیزل آئل (LDO) اور جیٹ فیول بھی سستا کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے 4 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 399.72 روپے سے کم ہو کر 299.32 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت میں 23 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 494.71 روپے سے کم ہو کر 471.01 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل ڈیزل کی قیمت میں بھی 32 روپے 12 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے، جس کے تحت یہ 21 روپے 34 پیسے فی لیٹر سستا ہو گیا ہے اور نئی قیمت 428.81 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تاہم حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے عوام کو مجموعی طور پر مہنگائی کے دباؤ میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
