لندن/نیویارک: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 5.13 ڈالر اضافے کے ساتھ 95.51 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد اس کی قیمت 89.80 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو تقریباً 2 فیصد اضافے کے بعد 2.71 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک ایرانی بحری جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے ایک ایسے ایرانی جہاز کو نشانہ بنایا جو آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔
ماہرین کے مطابق خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جوابی کارروائیوں کے خدشات کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی تو تیل کی قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں، جس کے عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے

Add A Comment