امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پیٹرول کی قیمتیں بلند رہنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے جاری کشیدگی اور جنگ کے اثرات عالمی توانائی منڈی اور معیشت پر بدستور قائم رہیں گے، جس سے قیمتوں میں کمی کی توقعات متاثر ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں آئندہ سال تک تین ڈالر فی گیلن سے اوپر رہ سکتی ہیں، جبکہ قیمتوں میں نمایاں کمی کا انحصار جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام پر ہوگا۔
امریکی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں پہلے ہی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ چکی ہیں اور فوری طور پر ان میں بڑی کمی کا امکان دکھائی نہیں دیتا۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار رہی تو نہ صرف توانائی کی عالمی منڈی دباؤ کا شکار رہے گی بلکہ اس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی پڑیں گے، جس سے مہنگائی اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

Add A Comment