پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ڈپازٹ کی صورت میں فراہم کی گئی تمام رقوم واپس کر دی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز ایک ارب امریکی ڈالر واپس کیے گئے۔
مرکزی بینک کے مطابق اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی 2.45 ارب ڈالر کی رقم واپس کی گئی تھی، اور یوں مجموعی طور پر متحدہ عرب امارات کے 3.45 ارب ڈالر کے تمام ڈپازٹس مکمل طور پر ادا کر دیے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ اقدامات مالیاتی ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی اور بین الاقوامی مالیاتی تعلقات میں شفافیت کے تسلسل کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب مالیاتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کر دیے ہیں، جسے ملک کے زرمبادلہ ذخائر اور مالی استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق خلیجی ممالک کے ساتھ مالیاتی لین دین میں یہ تبدیلیاں پاکستان کے بیرونی مالیاتی انتظامات اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے نئے مرحلے کی عکاسی کرتی ہیں۔
