ملکی معیشت سے متعلق مثبت اشارے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جہاں ایک جانب امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی، وہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی ابتدائی مندی کے بعد نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 2 پیسے سستا ہو کر 278 روپے 83 پیسے کی سطح پر آ گیا، جس کے باعث روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان دیکھا گیا، تاہم جلد ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور مارکیٹ سنبھل گئی۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 584 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 71 ہزار 256 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 2405 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 70 ہزار 671 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کی تیزی کو مارکیٹ کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام اور علاقائی صورتحال میں ممکنہ بہتری کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، تاہم پائیدار استحکام کے لیے معاشی پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہوگا۔
