کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال (IRR) کی طلب میں اچانک اور غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث اس کی قیمتوں میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق پاکستان میں ایرانی ریال عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں تین سے چار گنا مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ (10 ملین) ایرانی ریال کا بنڈل 8 ہزار سے 10 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ عالمی سطح پر ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت تقریباً 2,110 پاکستانی روپے بنتی ہے، تاہم مقامی سطح پر طلب میں اضافے اور سپلائی کی کمی کے باعث قیمتوں میں نمایاں فرق پیدا ہو چکا ہے۔
موجودہ اوپن مارکیٹ ریٹس کے مطابق پاکستان میں 1 روپے کے بدلے تقریباً 1,000 ایرانی ریال مل رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر یہی شرح تقریباً 4,725 ریال فی روپیہ ہے، جو واضح طور پر مقامی اور عالمی قیمتوں میں بڑے فرق کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس غیر معمولی اضافے کی ممکنہ وجوہات میں سرحدی تجارت، اسمگلنگ، اور زائرین کی جانب سے ایرانی کرنسی کی بڑھتی ہوئی خریداری شامل ہو سکتی ہیں۔ خاص طور پر حالیہ علاقائی کشیدگی اور ایران سے متعلق سرگرمیوں نے بھی مارکیٹ پر اثر ڈالا ہے۔
کرنسی ڈیلرز نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریال کی خرید و فروخت کے دوران احتیاط برتیں اور مستند و رجسٹرڈ ایکسچینج کمپنیوں سے ہی لین دین کریں کیونکہ مختلف شہروں اور ڈیلرز کے حساب سے ریٹس میں نمایاں فرق پایا جا سکتا ہے۔
