مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان آج رسولِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ اطہر پر حاضر ہوئے، دورد و سلام پیش کیا، اور ریاض الجنۃ میں نوافل ادا کیے۔
بعد ازاں گورنر مدینہ منورہ، مسجد نبوی میں قائم حلقات تحفیظ میں تشریف لے گئے اور وہاں زیر تعلیم بچوں سے قرآن کریم سنا، اور انھیں کو شاباش دی۔
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے مسجد نبوی میں موجود مختلف ممالک کے زائرین سے ملاقاتیں کیں اور انھیں مدینہ منورہ میں خوش آمدید کہا۔
انھوں نے معلمین اور بچوں سے تعلیمی اور انتظامی سہولیات کے متعلق بات چیت کی اور ان سے تدریسی امور پر گفتگو کی۔ بعد ازاں گورنر نے مسجد نبوی کے ائمہ و خطباء سے ملاقات کی۔
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے مسجد نبوی، مسجد قباء اور مدینہ منورہ کی دیگر مساجد میں زیر تعلیم بچوں کی سہولیات اور ضروریات بارے متعلقہ ذمہ داران سے معلومات حاصل کیں۔
گورنر نے ذمہ داران کو تاکید کی کہ انھیں مسجد نبوی اور مسجد قباء سمیت پورے مدینہ منورہ کی مساجد میں زیر تعلیم بچوں کی ضروریات اور سہولیات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔
گورنر نے ائمہ مسجد نبوی سے تحفیظ قرآن کریم کے جدید طریقوں بارے دریافت کیا اور سب سے سہل انداز اپنانے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ صرف مسجد نبوی میں 160 ممالک کے 61 ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے ذوق اور شوق کی تعریف کی۔
انھوں نے واپس جاتے ہوئے، مہمان نوازی پر مسجد نبوی کے ائمہ و خطباء، رئاسہ عامہ کے ذمہ داران اور مسجد نبوی کے معلمین و مدرسین کا شکریہ ادا کیا۔