بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان ایک بار پھر ریئلٹی شو بگ باس 19 کے میزبانی کرتے ہوئے جلوہ گر ہوئے۔ شو کا آغاز بڑے شان و شوکت اور رنگا رنگ پریمیئر سے ہوا، لیکن سب سے زیادہ توجہ اس لمحے نے کھینچی جب سلمان خان نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں ایک غیر معمولی انکشاف کیا۔
پریمیئر میں سلمان خان نے سب سے پہلے نئی شریکِ مقابلہ اور کانٹینٹ کری ایٹر تانیا متل کو متعارف کروایا۔ اس کے فوراً بعد فلم گینگز آف واسے پور کے مشہور رائٹر اور اداکار ذیشان قادری بھی اسٹیج پر آئے۔ سلمان نے تجسس سے تانیا سے پوچھا کہ کیا انہوں نے یہ فلم دیکھی ہے؟ تانیا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ نہیں۔ جب سلمان نے ان کی پسندیدہ فلموں کے بارے میں سوال کیا تو تانیا نے بتایا کہ انہوں نے پریم رتن دھن پایو دیکھی تھی، جو کہ سلمان کی ہی فلم ہے۔
یہ گفتگو ابھی چل ہی رہی تھی کہ تانیا نے اچانک ایک ذاتی اور گہرا سوال کر ڈالا:
’’سر، کیا سچا پیار ہمیشہ ادھورا ہی رہتا ہے؟‘‘
سبھی کی نظریں سلمان پر مرکوز ہوگئیں۔ سلمان خان نے ہنستے ہوئے ایسا جواب دیا جس نے سب کو چونکا دیا:
’’سچا پیار؟ مجھے نہیں معلوم… کیونکہ مجھے تو آج تک کبھی سچا پیار ہوا ہی نہیں۔ نہ کوئی سچا پیار ہوا اور نہ ہی کچھ ادھورا رہا۔‘‘
ان کے اس جواب پر اسٹیج پر قہقہے گونج اٹھے لیکن ساتھ ہی مداحوں کے ذہنوں میں ایک پرانا سوال پھر تازہ ہوگیا کہ آخر بالی ووڈ کا یہ مقبول ترین ہیرو آج تک حقیقی محبت میں کیوں کامیاب نہ ہوسکا۔
سلمان خان کی زندگی میں کئی بار بڑے نام سامنے آئے۔ کبھی ان کا تعلق سومی علی سے جوڑا گیا، کبھی سنگیتا بجلانی کے ساتھ ان کے رشتے کی خبریں سامنے آئیں۔ ایک وقت تو ایسا بھی آیا جب ان دونوں کی شادی کے کارڈ تک چھپ گئے تھے، مگر عین موقع پر یہ رشتہ ختم ہوگیا۔ پھر 1999 میں فلم ہم دل دے چکے صنم کے دوران سلمان اور ایشوریا رائے کے چرچے زبان زدِ عام ہوئے، لیکن یہ رشتہ بھی 2002 تک آکر اختتام کو پہنچا۔ بعد کے برسوں میں ان کا نام کترینہ کیف اور یولیا ونتور کے ساتھ بھی لیا گیا، مگر کبھی کوئی رشتہ شادی کے بندھن تک نہ پہنچ سکا۔
اب جب کہ سلمان خان 58 برس کے ہوچکے ہیں، ان کے مداح یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ آیا وہ کبھی شادی کے بندھن میں بندھ پائیں گے یا پھر ہمیشہ ’’فارایور سنگل ہیرو‘‘ کہلاتے رہیں گے۔ ان کا تازہ بیان سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے اور ہر کوئی یہ سوال کر رہا ہے:
’’کیا سلمان خان کو کبھی سچا پیار ملے گا یا وہ ہمیشہ تنہا رہیں گے؟‘‘
جہاں یہ سوال مداحوں کے ذہنوں کو الجھا رہا ہے، وہیں نئے سیزن کا تھیم ’گھر والوں کی سرکار‘ بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس بار شو میں اشنور کور، اعویز دربار، ابھشیک بجاج، نگمہ میراجکر، عامر ملک، باسی علی، کنیکا سدنانڈ، اور کئی دیگر نام شامل ہیں۔ شو سب سے پہلے جیو ہوٹ اسٹار پر نشر ہوگا اور بعد میں کلرز ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔ مگر سچ یہ ہے کہ بگ باس 19 کے اس رنگین آغاز کے باوجود، اصل چرچا سلمان خان کے ’’سچے پیار‘‘ پر دئے گئے بیان نے ہی لوٹ لیا۔
