ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم، فضیلۃ الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ انتقال کر گئے۔ عالم اسلام کی یہ عظیم شخصیت طویل عرصہ تک دین اسلام کی خدمت، شریعت کی وضاحت اور امت مسلمہ کی رہنمائی کے فرائض انجام دیتی رہی۔ ان کے وصال کی خبر سنتے ہی پورے عالم اسلام میں رنج و غم کی فضا چھا گئی اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز عصر ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی، جہاں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر پورے مملکت میں غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ حرمین شریفین سمیت تمام مساجد میں ان کے لیے دعا و استغفار کی جائے گی۔
شیخ عبدالعزیز آل الشیخ اپنی علمی بصیرت، فقہی رہنمائی اور اخلاص کے باعث نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی دینی خدمات، فتوے اور امت کی رہنمائی ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔
عالم اسلام کے بڑے بڑے رہنماؤں، علما اور عوام نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے بلند درجات کی دعا کی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی لاکھوں افراد نے ان کے وصال پر افسوس اور دعاؤں کے پیغامات شیئر کیے ہیں
