سڈنی سے آکلینڈ آنے والی ایک پرواز دورانِ سفر اس وقت خوف اور بے یقینی کی فضا میں گھِر گئی جب پائلٹ نے کارگو ہولڈ میں ممکنہ آگ کی اطلاع پر ہنگامی طور پر مے ڈے کال دے دی۔ جہاز میں موجود 156 مسافروں کے لیے یہ لمحے نہ صرف اعصاب شکن تھے بلکہ زندگی اور موت کے بیچ ایک کڑا امتحان بھی تھے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق جیسے ہی کاک پٹ کے سسٹم نے فرنٹ کارگو ہولڈ میں ممکنہ آگ کی نشاندہی کی، پائلٹ نے فوری طور پر آکلینڈ ایئرپورٹ کو ہنگامی لینڈنگ کی درخواست دی۔ جہاز کے اندر گھبراہٹ کی کیفیت پیدا ہوگئی، تاہم عملے نے حاضر دماغی اور تربیت کے مطابق مسافروں کو پرسکون رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔ خوش قسمتی سے چند منٹ بعد جہاز آکلینڈ ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فرنٹ کارگو ہولڈ میں آگ لگنے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے یہ ایک فنی خرابی یا سسٹم کی غلط اطلاع ہو، تاہم اس معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی خطرے کا سدباب کیا جا سکے۔
ایئرلائن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ہمیشہ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے۔ "ہم اپنے حفاظتی معیارات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتے، اور اس واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حالات سے بچا جا سکے۔”
پرواز کے کئی مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب پائلٹ نے "مے ڈے” کال دی تو جہاز کے اندر سناٹا چھا گیا اور سب کی نظریں بس ایک محفوظ لینڈنگ پر مرکوز تھیں۔ ایک مسافر نے کہا یہ وہ لمحہ تھا جب زندگی کا ہر قیمتی پل نظروں کے سامنے گھوم گیا، مگر آکلینڈ رن وے پر پہیے لگتے ہی سب نے اللہ کا شکر ادا کیا۔
