ریاض: سعودی عرب کی ثقافتی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ، ریاض انٹرنیشنل بُک فیئر 2025 آج سے شروع ہو رہا ہے، جس میں دنیا کے 25 ممالک سے دو ہزار مقامی و بین الاقوامی اشاعتی ادارے شریک ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق اس میلے میں بڑی تعداد میں معروف مصنفین، دانشور اور ثقافتی شخصیات موجود ہوں گی، جو اس بُک فیئر کو عرب دنیا میں ایک کلیدی ثقافتی پلیٹ فارم کے طور پر مستحکم کرے گی۔
اس مرتبہ کا بُک فیئر 11 اکتوبر تک امیرہ نورہ بنت عبدالرحمٰن یونیورسٹی کے کیمپس میں جاری رہے گا۔ ایونٹ کا انتظام دا لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کر رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ازبکستان کو اس سال اعزازی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے، جو سعودی عرب اور ازبکستان کے ثقافتی تعلقات کی گہری نمائندگی کرتا ہے۔
ریجن کی سب سے بڑی ثقافتی تقریب ہونے کے ناطے اس بُک فیئر میں 200 سے زائد پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں مختلف موضوعات پر مباحثے، ورکشاپس، کتابی تقریبات اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
بچوں کے لیے خصوصی زون ترتیب دیا گیا ہے جہاں عمر کے مطابق مختلف سرگرمیوں اور تعلیمی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو ادب سے جوڑا جا سکے۔ اس کے علاوہ طباعت کی صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے بُک فیئر میں کاروباری زون بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں ناشر، مصنف اور مالیاتی ادارے شراکت داریوں اور تعاون کو فروغ دیں گے۔
اس کاروباری زون میں کتابوں کی صنعت سے جڑے مختلف امور، جیسے کہ انٹرپرینیورشپ، کاپی رائٹ اور لائسنسنگ پر مکالمے اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کتب کی عالمی منڈی میں سعودی عرب کی اہمیت بڑھائی جا سکے۔
حکومت اور کاروباری اداروں کے لیےخصوصی پویلین بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یہ میلہ نہ صرف ثقافتی بلکہ معاشی اعتبار سے بھی ایک منفرد موقع فراہم کرے
