راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کا "ایکس (X)” اکاؤنٹ جیل سے نہیں بلکہ باہر سے چلایا جاتا ہوگا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عدالتوں میں انصاف کے یکساں معیار کی ضرورت ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ عمران خان کے کیسز بھی اسی طرح چلائے جائیں جیسے دیگر مقدمات چلائے جا رہے ہیں، اور ان میں میڈیا، وکلا اور عوام کو رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں کہ یہ اوپن ٹرائلز ہوں گے، مگر تیز رفتاری سے کارروائی چلانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔جس انداز میں عمران خان کے ٹرائل ہوئے، اس سے آزاد عدلیہ پر سوالات اٹھے ہیں اور عوام کا اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست زیر التواء ہے۔ہم ہر سماعت پر اوپن ٹرائل سے متعلق سوال اٹھاتے ہیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کا کسی بھی ادارے یا ایجنسی سے کوئی تعلق نہیں۔ غلط فہمیاں باتوں سے پیدا ہوتی ہیں، عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ اندرونی باتوں کو باہر نہ لایا جائے اور افواہوں سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے، تاہم خیبر پختونخوا میں جاری کارروائیوں میں دونوں جانب نقصان سے بچنا ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ علی امین گنڈا پور اس وقت تک وزیراعلیٰ رہیں گے جب تک انہیں بانی کا اعتماد حاصل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہاعمران خان کا X اکاؤنٹ جیل سے نہیں بلکہ باہر سے چلتا ہوگا، اور اگر اکاؤنٹ بند کرنے کی کوئی پالیسی ہے تو مجھے اس کا علم نہیں
