راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سماعت کل اڈیالہ جیل میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے راولپنڈی پولیس سے اضافی سیکیورٹی کے لیے باضابطہ مراسلہ لکھ دیا ہے تاکہ سماعت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے 15 ستمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل جیل سے عدالت منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد عمران خان کو انسدادِ دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا تھا۔
تاہم اب حکومت نے وہ نوٹیفکیشن واپس لے کر جیل ٹرائل کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے، جسے قانونی و سیاسی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز میں نئی سمت سامنے آ سکتی ہے، جب کہ اڈیالہ جیل کے اندر ٹرائل کے انتظامات سخت سیکیورٹی میں کیے جا رہے ہیں۔
