کراچی : پاکستان کی ثقافتی تاریخ کا سب سے بڑا اور یادگار موقع آنے والا ہے، جب پاکستان پہلی بار سعودی عرب کے فنکاروں کی میزبانی کرے گا جو ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں شرکت کے لیے کراچی پہنچیں گے۔ یہ عظیم الشان عالمی میلہ 31 اکتوبر سے 7 دسمبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا، جسے دنیا کا سب سے بڑا ثقافتی فیسٹیول قرار دیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول میں 141 ممالک کے فنکار اپنی ثقافت، موسیقی، رقص اور فنونِ لطیفہ کے رنگ بکھیرتے نظر آئیں گے۔ ان میں 37 افریقی، 41 ایشیائی، 36 یورپی، 13 شمالی امریکی، 11 جنوبی امریکی اور 3 اوشیانا ممالک کے فنکار شامل ہوں گے۔ یہ سات ہفتوں پر محیط فیسٹیول 45 تھیٹر پرفارمنسز، 60 میوزک شوز، 25 ڈانس نمائشوں، 6 آرٹ ایکزیبیشنز، 25 ورکشاپس اور 15 مباحثوں پر مشتمل ہوگا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر محمد احمد شاہ نے دارنیوز سے گفتگو میں کہا کہ اس سال مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے ثقافتی گروپ بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں سعودی عرب کے فنکاروں کی شرکت پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کے شکر گزار ہیں، اور مستقبل میں پاکستان و سعودی عرب کے ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔”
پریس کانفرنس کے دوران محمد احمد شاہ نے کہا کہ فیسٹیول کا بنیادی مقصد امن، برداشت اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنازعہ زدہ خطوں سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اس میلے میں شریک ہوں گے تاکہ دنیا پاکستان کا پرامن اور تخلیقی چہرہ دیکھ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے لیے دنیا بھر سے 2800 سے زائد فلمیں موصول ہو چکی ہیں، جو کسی بھی عالمی ثقافتی فیسٹیول کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ حیرت انگیز طور پر بھارت اور اسرائیل کے فلم سازوں نے بھی شرکت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی بھرپور معاونت سے یہ ایونٹ نہ صرف پاکستانی فلموں اور ثقافت کو عالمی سطح پر روشناس کرائے گا بلکہ ملک کے تخلیقی تشخص، برداشت اور تنوع کی علامت کے طور پر پاکستان کو عالمی ثقافتی نقشے پر نمایاں مقام دلائے گا۔
