اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنِ قومی اسمبلی شاندانہ گلزار ایک نئی تنازعے کی زد میں آگئی ہیں۔ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) نے ان کے خلاف ریاست مخالف مواد پھیلانے کے الزام میں مقدمہ نمبر 296/2025 درج کر لیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، شاندانہ گلزار پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابق ٹوئٹر) پر متعدد جعلی، گمراہ کن اور اشتعال انگیز ٹوئٹس و ویڈیوز شیئر کیں جن میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق، ان مواد میں لسانی اور نسلی تعصب کو ہوا دینے، ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے، اور عوام میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شاندانہ گلزار نے وزیر اعظم پاکستان کے بارے میں جعلی تصویر اور غلط معلومات پھیلائیں، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ مبینہ ملاقات کا دعویٰ کیا گیا جو مکمل طور پر فیک نیوز نکلا
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے مقدمہ سیکشن 11، 20 اور 26A آف پی ای سی اے 2016 کے تحت درج کیا ہے۔ ایجنسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ریاست مخالف فیک نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔
ترجمان کے مطابق، ملزمہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور رابطوں کا فرانزک معائنہ جاری ہے، جبکہ دیگر ممکنہ معاون کرداروں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، این سی سی آئی اے نے بین الاقوامی سائبر انٹیلی جنس نیٹ ورکس سے بھی مدد طلب کر لی ہے تاکہ اس مہم کے ممکنہ غیر ملکی روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔
