ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا طوفان برپا ہوگیا ہے۔ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے دنیا کی سب سے بڑی معلوماتی ویب سائٹ وِکی پیڈیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم گروکی پیڈیا (Grokipedia) لانچ کر دیا ہے، جسے انہوں نے سچائی کا حقیقی سرچشمہ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گروکی پیڈیا کا ابتدائی ورژن (Dub Version 0.1) پیر کی شام تک 8 لاکھ 85 ہزار سے زائد مضامین پر مشتمل تھا۔ اگرچہ یہ تعداد وِکی پیڈیا کے انگریزی سیکشن کے 70 لاکھ مضامین سے بہت کم ہے، مگر ایلون مسک کا دعویٰ ہے کہ یہ صرف آغاز ہے۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھاگروک اور گروکی پیڈیا ڈاٹ کام کا مقصد ہے سچائی، مکمل سچائی، اور صرف سچائی۔ ہم کامل نہیں، لیکن اس سمت میں مسلسل کوشش کریں گے۔
مسک کے مطابق گروکی پیڈیا کا ورژن 1.0 جلد متعارف کرایا جائے گا، جو موجودہ سائٹ سے دس گنا بہتر ہوگا۔ انہوں نے اسے وِکی پیڈیا سے زیادہ درست، تیز اور شفاف قرار دیا ہے۔ابتدائی طور پر گروکی پیڈیا کی لانچ ستمبر میں متوقع تھی، تاہم ایلون مسک نے اسے پروپیگنڈے سے پاک بنانے کے لیے مزید وقت درکار ہونے کی وجہ سے ریلیز مؤخر کر دی۔
ایلون مسک ماضی میں وِکی پیڈیا کے سخت ناقد رہے ہیں۔ 2024 میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ پلیٹ فارم “بائیں بازو کے نظریاتی اثر” میں ہے، اور اس کے چندے بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اگست 2025 میں انہوں نے مزید کہا کہ “وِکی پیڈیا کمیونٹی نوٹس کے لیے معتبر ذریعہ نہیں، کیونکہ ادارتی کنٹرول ایک جانب جھکا ہوا ہے۔”
گروکی پیڈیا کا تمام مواد مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے، جس میں ایلون مسک کا اپنا اے آئی اسسٹنٹ گروک بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ پلیٹ فارم پر موجود ایک مضمون میں لکھا گیا ہےایلون مسک نے ٹیکنالوجی کی ترقی، آبادی میں کمی، اور ادارتی غیرجانبداری کے بارے میں عالمی مباحثوں کو نئی سمت دی ہے۔
دوسری جانب وِکی پیڈیا جو 2001 میں قائم ہوا ایک کمیونٹی پر مبنی انسائیکلوپیڈیا ہے جسے رضاکار لکھتے اور ترمیم کرتے ہیں، جبکہ اس کی مالی معاونت زیادہ تر عطیات سے ہوتی ہے۔ وِکی پیڈیا غیرجانبدار نقطہ نظر کو اپنی بنیادی پالیسی قرار دیتا ہے۔
ایلون مسک کا نیا اقدام صرف ایک ٹیکنالوجی لانچ نہیں بلکہ معلوماتی دنیا میں ایک نئی فکری جنگ کا آغاز سمجھا جا رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت اور انسانی شفافیت آمنے سامنے ہیں۔
