لاہور: پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر ایک بار پھر دہشت گردی کی جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے وانا میں بچوں کے اسکول پر ہونے والے حملے اور اسلام آباد میں پیش آنے والے خودکش دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عوام میں خوف اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہماری سیکیورٹی فورسز اور مسلح افواج نے بروقت کارروائی کر کے حملہ آوروں کو ناکام بنایا۔
علامہ اشرفی نے خودکش حملہ آوروں کو "جہنمی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی ریاست اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گرد عناصر، چاہے وہ ملک کے اندر ہوں یا افغانستان اور ہندوستان میں بیٹھے ہوں، انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر معرکۂ حق کی طرح دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ثابت قدم رہے گا اور اس سلسلے میں قومی یکجہتی اور اتحاد ضروری ہے۔
علامہ طاہر محمود اشرفی نے علماء، عوام اور سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ موجودہ حالات میں متحد رہیں اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت انگیزی کی ہر شکل کے خلاف مضبوط موقف اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی، ریاست کی حمایت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہی ملک کے استحکام اور امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر پاکستانی کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تعاون کرنا ہوگا تاکہ ملک میں امن قائم رہ سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
