پاک بحریہ نے بحیرۂ عرب میں انسدادِ منشیات کی ایک بڑی اور تاریخی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 130 ملین امریکی ڈالر مالیت کی میتھم فیٹامائن (آئس) ضبط کرلی ہے۔ یہ کارروائی پاک بحریہ کے جدید جہاز پی این ایس تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران کی، جس میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت سعودی عرب کی زیر قیادت ٹاسک فورس CTF-150 کی معاونت بھی شامل تھی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، پی این ایس تبوک نے بحیرۂ عرب میں گشت کے دوران ایک مشکوک اور غیر رجسٹرڈ ماہی گیر کشتی کو روکا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جہاز کے دستے نے کارروائی کرتے ہوئے کشتی سے 2,000 کلوگرام سے زائد میتھم فیٹامائن قبضے میں لے لی، جس کی علاقائی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 130 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔
یہ کارروائی پاک بحریہ کی گزشتہ دو ماہ کے دوران کی جانے والی مسلسل تیسری بڑی کارروائی ہے، جو نہ صرف غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر سمندری سیکیورٹی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی کا مطلب یہ ہے کہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کثیر القومی تعاون بھی مثبت نتائج دے رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ ملکی بحری مفادات کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے قانون بحریہ (UNCLOS) کے تحت سمندری سلامتی کے قیام میں ہمیشہ فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاک بحریہ کی یہ کارروائی عالمی بحری راستوں میں غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام، منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خاتمے اور خطے میں امن و امان کے قیام میں پاکستان کے اہم کردار کو واضح کرتی ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان عالمی بحری سیکیورٹی میں اپنے وعدوں کو عملی طور پر پورا کرنے کے لیے پیش پیش ہے اور مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھے گا۔
