لاہور: پنجاب کے سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اس حوالے سے تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکولوں میں فوری طور پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی جائے تاکہ ان کی تعلیمی اور شخصی ترقی ممکن ہو سکے۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ کی شمولیت کو یقینی بنائیں اور انہیں کھیلوں، علمی مقابلوں، ورکشاپس اور دیگر تربیتی پروگراموں میں شامل کریں۔
یہ فیصلہ پنجاب اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو موبائل فون کی غیر ضروری مصروفیات سے دور رکھ کر تعلیم اور شخصیت سازی پر توجہ دلانا ہے۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق اس سے نہ صرف طلبہ کی توجہ اور تعلیمی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی اخلاقی اور سماجی تربیت بھی بہتر ہوگی۔
اس اقدام سے یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ طلبہ میں ذہنی سکون اور گروپ سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھے گی، جس سے تعلیمی اداروں کا تعلیمی ماحول مزید مضبوط اور مثبت ہو گا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے زور دیا ہے کہ تمام اسکول اس پابندی پر عملدرآمد کریں اور والدین کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے تاکہ گھریلو ماحول میں بھی موبائل فون کے زیادہ استعمال سے طلبہ کو بچایا جا سکے۔
