دبئی: دبئی ائیر شو 2025 میں پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر نے ایک بار پھر سب کی توجہ حاصل کی اور دنیا بھر کے مہمانوں کا دل جیت لیا۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی پاک فضائیہ اور اس کے جدید طیارے کے فین نکلے اور ڈسپلے ایریا میں جے ایف 17 تھنڈر کے ساتھ ذوق و شوق سے تصاویر بنوائیں۔
پاکستانی پویلین میں بھارتی مہمانوں کی آمد پر پاک فضائیہ کے پائلٹس نے چائے پیش کرنے کی پیشکش کی، جس پر بھارتی اہلکار نے شائستگی کے ساتھ معذرت کر کے پانی کا انتخاب کیا۔ پاکستانی حکام نے اس موقع پر کہا کہ ’کوئی مہمان آجائے تو ہماری طرف سے ویلکم ہی ہے‘ اور ہر مہمان کے ساتھ پروفیشنل رویہ اپنانا پاک فضائیہ کی روایتی مہمان نوازی کا حصہ ہے۔
دبئی ائیر شو میں پاکستان کے پویلین اور جدید ہتھیاروں کے ڈسپلے نے بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کی دلچسپی بڑھائی، اور سوشل میڈیا پر ان تصاویر نے بھی ہنگامہ مچا دیا۔ ایک بھارتی صارف نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ ’پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاسکتے جبکہ فیس بک پر پاکستانی صارفین نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہمان نوازی کو سراہا اور اسے ’فنٹاسٹک ٹی‘ قرار دیا۔
دبئی ائیر شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی موجودگی نے دوبارہ پاک فضائیہ کی آپریشنل مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ رویہ اجاگر کیا، اور اس نے عالمی سطح پر پاکستان کی فضائی طاقت کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔
