دبئی ایئر شو کے آخری روز ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی ساختہ ہال (HAL) تیجس لڑاکا طیارہ فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے فوراً بعد المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک حصے سے گھنے دھوئیں کے بادل اٹھتے نظر آئے جس سے ایئر شو کے شرکا اور عملے میں شدید ہلچل مچ گئی۔
جمعے کی دوپہر پیش آنے والے اس حادثے میں ابتدائی رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹ ایجیکٹ نہیں کر سکے، جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیجس لڑاکا طیارہ کریش ہونے سے پائلٹ جانبر نہ ہو سکے، جس پر فضائیہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ اس قیمتی جان کے نقصان پر شدید رنج کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ایئر شو انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف دوڑ پڑیں اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ زمین پر گرتے ہی زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس کے بعد دھواں فضا میں بلند ہوتا رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ترکی کے دفاعی جریدے نے ایک روز قبل رپورٹ جاری کی تھی کہ یہی تیجس طیارہ فیول لیک (ایندھن کے اخراج) کے مسئلے کا شکار ہوا تھا، مگر بھارتی حکام نے اس پر کوئی سرکاری وضاحت نہیں دی تھی۔ اب حادثے کے بعد یہ خدشات مزید تقویت پا گئے ہیں کہ شاید طیارے میں تکنیکی خرابی پہلے سے موجود تھی۔
دبئی حکام اور بھارتی فضائیہ دونوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی بھی سرکاری سطح پر حادثے کی اصل وجہ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس سانحے کے اثرات نہ صرف بھارتی فضائیہ بلکہ تیجس پروگرام کی ساکھ پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔
