واٹس ایپ نے اپنی میسجنگ ایپ میں ایک قدیم فیچر کو دوبارہ متعارف کروا کر صارفین کے لیے رابطے اور اپڈیٹس کے تجربے کو مزید دلچسپ اور کارآمد بنا دیا ہے۔ ایک دہائی قبل واٹس ایپ صارفین اپنے بارے میں اپ ڈیٹس سادہ ٹیکسٹ اسٹیٹس کے ذریعے شیئر کرتے تھے، لیکن بعد میں اس فیچر کو اباؤٹ سیکشن میں بدل دیا گیا۔ اب کمپنی نے اس پرانے فیچر کو جدید انداز میں دوبارہ زندہ کیا ہے تاکہ صارفین اپنے دوستوں اور کانٹیکٹس کے ساتھ مختصر معلومات یا دستیابی کی اپڈیٹس شیئر کر سکیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق، نئے اباؤٹ نوٹس کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ مصروفیت، موڈ یا کسی مختصر پیغام کو شیئر کر سکیں گے، جو خودکار طور پر 24 گھنٹے بعد غائب ہو جائے گا۔ یہ فیچر بالکل انسٹاگرام کی اسٹوری کے طرز پر کام کرے گا، جس کا مقصد اباؤٹ سیکشن کو زیادہ فعال اور کارآمد بنانا ہے۔ صارفین نہ صرف اپنی موجودگی یا دستیابی کے بارے میں معلومات دے سکیں گے بلکہ یہ بھی بتا سکیں گے کہ وہ کسی وقت چیٹ کے لیے دستیاب ہیں یا نہیں، بغیر کسی تصویر یا ویڈیو کے۔
اس نئے فیچر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اباؤٹ نوٹس ون آن ون چیٹس کے ٹاپ پر نمایاں طور پر پن کیا جائے گا اور یوزر پروفائلز میں بھی آسانی سے دیکھا جا سکے گا۔ صارفین کسی بھی اباؤٹ نوٹس پر کلک کر کے فوری طور پر ری ایکٹ کر سکتے ہیں، اور اگر چاہیں تو سیٹنگز کے ذریعے 24 گھنٹوں کے اندر اس نوٹس کو کسی بھی وقت ہٹایا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، صارفین یہ طے کر سکیں گے کہ یہ اپڈیٹس کن مخصوص کانٹیکٹس تک محدود ہوں، تاکہ معلومات صرف منتخب افراد تک پہنچے۔
واٹس ایپ کے مطابق، یہ جدید اباؤٹ نوٹس دنیا بھر میں متعارف کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔ نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر “Set About” پر کلک کرنا ہوگا، اور اس کے بعد وہ اپنے مخصوص مختصر پیغامات یا دستیابی کے اشارے آسانی سے شیئر کر سکیں گے۔
یہ اپڈیٹ واٹس ایپ کے صارفین کے لیے رابطے کے تجربے کو نہ صرف جدید بنائے گا بلکہ انہیں اپنے موڈ اور دستیابی کی معلومات دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ مؤثر انداز میں شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔ اس طرح واٹس ایپ دوبارہ اپنے روایتی اباؤٹ فیچر کو نئی زندگی دے کر اسے ایک متحرک اور قابلِ استعمال فیچر میں تبدیل کر چکا ہے، جو آنے والے دنوں میں صارفین کے روزمرہ رابطے کے انداز کو آسان اور دلچسپ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
