دبئی میں محنت، لگن اور عزم کی بدولت ایک بھارتی نوجوان گورَو نے محض آٹھ ماہ کے عرصے میں اپنی پہلی لگژری کار خرید کر دنیا کے سامنے ایک متاثر کن مثال قائم کر دی ہے۔
گورَو نے انسٹاگرام پر اپنی کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 2 فروری 2025 کو وزٹ ویزا پر دبئی پہنچا اور بھارت میں آرام دہ زندگی چھوڑنا اس کے لیے سب سے مشکل فیصلہ تھا۔ ابتدائی دنوں میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں قسمت نہ کھلنے پر اسے شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہمت اور مستقل مزاجی کے ساتھ اس نے صفائی کے کام کا آغاز کیا۔
نوجوان نے بتایا کہ وہ ہر رات 100 سے زائد جاب درخواستیں مختلف کمپنیوں کو بھیجتا تھا اور دو ماہ کے اندر اسے سیلز کی نوکری حاصل ہو گئی۔ مسلسل محنت اور لگن کے نتیجے میں آٹھ ماہ کے اندر گورَو نے اپنی پہلی کار خرید لی، جسے وہ صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ اپنے محنتی سفر کی علامت قرار دیتا ہے۔
گورَو نے کہا کہ یہ کہانی محض کار کے حصول کی نہیں بلکہ بڑے خواب دیکھنے، اپنی حدوں سے آگے بڑھنے، صبر اور عزم کی کہانی ہے۔ اس کی ویڈیو ایک دن میں چار لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر چکی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے مبارکباد اور حوصلہ افزا پیغامات کی بھرمار جاری ہے۔
نوجوان کی یہ کہانی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بن گئی ہے کہ محنت، لگن اور حوصلے کے ساتھ کوئی بھی شخص اپنی تقدیر بدل سکتا ہے اور اپنی محنت کے بل بوتے پر بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔
