اسلام آباد: پاکستان کےدورے پر آئے ایران کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر علی لاریجانی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال اور اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی شریک تھے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی کی سربراہی میں ایرانی وفد کچھ دیر بعد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے گا، جہاں وہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی علیحدہ ملاقات طے کی ہے، جس میں باہمی تعلقات اور خطے میں امن و سلامتی کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
قبل ازیں اسلام آباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون خطے کے امن اور استحکام کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور خطے میں سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
