لندن:برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر نے یوکرین کی دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ آنے والے ہفتوں میں یوکرین کو مزید ایئر ڈیفنس میزائلز فراہم کرے گا تاکہ روسی حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم اسٹارمر کے مطابق، یوکرین کی فضائی قوت کو مضبوط بنانا نہ صرف کیف کی دفاعی ضروریات کے لیے ناگزیر ہے بلکہ پورے یورپی براعظم کی سلامتی اس سے براہ راست جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس خطے میں استحکام کے لیے اپنے کردار کو مزید وسعت دے رہا ہے۔
کیئراسٹارمر نے یہ بھی واضح کیا کہ برطانیہ منجمد روسی اثاثوں کے استعمال کے معاملے پر یورپی یونین کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتا ہے، اور یوکرین کی مالی مدد کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کی تعمیرِ نو، فوجی ضروریات اور اقتصادی بحالی کے لیے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ حکمتِ عملی پر پیش رفت جاری ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے زور دیا کہ یوکرین کی مدد کرنا محض علاقائی معاملہ نہیں بلکہ عالمی استحکام کی ضرورت ہے، اور برطانیہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس حمایت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔
