اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف 26 اور 27 نومبر کو بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ بحرینی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کی ازسرِنو تجدید کا اہم موقع ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی ہو گا، جو دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع کے تعین میں کردار ادا کرے گا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق اہم بات چیت کی جائے گی۔ ملاقاتوں میں خصوصی طور پر پاکستانی افرادی قوت سے متعلق امور اور سہولتوں میں بہتری پر بھی گفتگو متوقع ہے، کیونکہ بحرین میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا سنگ میل ثابت ہوگا۔
