اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خانم کی اہم ملاقات مکمل ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی صحت تسلی بخش اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔ ملاقات کے دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے جبکہ ڈاکٹر عظمیٰ فیکٹری ناکے سے گیٹ نمبر 5 تک خصوصی اجازت کے ساتھ پہنچیں۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کا مختص دن تھا، جس کی وجہ سے صبح ہی سے کارکنان کی آمدورفت بڑھ گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی نے جیل کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔
پارٹی کارکنان کے اجلاس میں رہنما سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ وہ منگل کے روز دوبارہ عمران خان سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر منگل کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی تو پارٹی کی جانب سے آئندہ کا سخت لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ ہر ضلع، گاؤں اور یونین کونسل سے بھرپور تعداد میں اڈیالہ جیل پہنچا جائے تاکہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے معاملے پر پارٹی کا مؤقف مضبوطی سے سامنے لایا جاسکے۔
اڈیالہ جیل کے اطراف کارکنان کی ممکنہ آمد اور پارٹی کے احتجاجی اعلانات نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے، جبکہ عمران خان کی صحت یابی کی خبر نے کارکنان میں ایک نئی توانائی پیدا کر دی ہے۔
