اتر پردیش کے اُورئیہ ضلع میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب ایک خاتون گول گپے کھاتے ہوئے اچانک عجیب صورتحال کا شکار ہوگئیں۔ ان کا جبڑا اچانک اپنی جگہ سے ہٹ گیا، جس کے باعث ان کا منہ مسلسل کھلا رہ گیا اور بند نہ ہوسکا۔
فوری طور پر خاتون کو ڈسٹرکٹ جوائنٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے باوجود ڈاکٹروں کو ان کا جبڑا واپس جوڑنے میں دشواری پیش آئی۔ بعد ازاں انہیں مزید بہتر علاج کے لیے میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس کی وجہ زیادہ منہ کھولنے کی وجہ سے جبڑے کی ہڈی کا اپنی جگہ سے نکل جانا ہے، جسے طبی اصطلاح میں ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر (Temporomandibular Disorder – TMD) کہا جاتا ہے۔ اس حالت میں مریض کا منہ کھلا رہتا ہے اور اکثر ڈینٹل اسپیشلسٹ کی مدد لینا پڑتی ہے۔ جانز ہاپکنز میڈیسن کے مطابق یہ مسئلہ جبڑے کی ہڈیوں اور چہرے کے اعصاب میں خرابی کے باعث پیدا ہوتا ہے، جو شدید درد اور ناراحتی کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ جبڑے کو زیادہ کھولنے سے گریز کریں اور ایسے کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں تاکہ مستقل نقصان سے بچا جا سکے
