اسلام آباد:وفاقی وزیر و ترجمان حکومت مصدق ملک نے حیران کن انکشاف کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت سازی کی پیشکش کی تھی، تاہم پی ٹی آئی نے نہ صرف یہ پیشکش مسترد کی بلکہ اس پر کوئی سنجیدہ ردعمل بھی نہ دیا۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا اور انہیں پیشکش کی کہ “ہم آپ کو ووٹ دیتے ہیں، آپ حکومت بنالیں، اپنے زیرنگرانی فارم 45 اور 47 کھول کر نتیجے خود دیکھ لیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق خورشید شاہ کی یہ پیشکش بھی پی ٹی آئی نے قبول نہیں کی۔ مصدق ملک نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پیپلزپارٹی رہنما ندیم افضل چن نے بھی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے واضح پیغام دیا تھا کہ پیپلزپارٹی انہیں بلا مشروط حمایت دینے کو تیار ہے، تاکہ سیاسی بحران کا حل نکل سکے اور ایک فعال حکومت قائم ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ دو مختلف چینلز کے ذریعے کی گئی پیشکشوں کے باوجود پی ٹی آئی نے حکومت سازی سے گریز کیا۔ “پی ٹی آئی نہ حکومت بنانا چاہتی ہے اور نہ چلانا چاہتی ہے، بلکہ وہ حکومت کو چلنے بھی نہیں دینا چاہتی۔” مصدق ملک نے سوال اٹھایا کہ آخر پی ٹی آئی چاہتی کیا ہے؟ “یہ نہ بات کرنا چاہتے ہیں، نہ پارلیمنٹ کو فعال ہونے دیتے ہیں اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی واقعی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے تو اسے سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے بات چیت اور پارلیمانی کردار ادا کرنے پر آمادہ ہونا ہوگا۔
