وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کا سیاسی نظریہ آج بھی مکمل طور پر سویلین سپرمیسی پر مبنی ہے اور وہ جمہوری اقدار کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے ادوارِ حکومت میں ملک کے انفرااسٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کیا، جس کے اثرات آج بھی قومی ترقی میں نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق موٹرویز، توانائی منصوبے اور شہری ترقی کے منصوبے ن لیگ کے وژن کا عملی ثبوت ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد محض اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے قوم کو بھی پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔
رانا تنویر حسین نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں ملکی استحکام کے لیے پالیسیوں میں تسلسل انتہائی ضروری ہے، کیونکہ بار بار کے سیاسی اتار چڑھاؤ سے نہ صرف معیشت متاثر ہوتی ہے بلکہ ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی کمزور ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے جمہوری عمل کو مضبوط، پارلیمان کو بااختیار اور عوامی مینڈیٹ کا احترام لازم ہے، یہی مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا بنیادی ستون ہے۔
