روس کا یوکرین پر ہائپرسونک میزائلوں سے بڑا حملہ، ایک کروڑ سے زائد افراد اندھیرے میں ڈوب گئے،روس نے یوکرین کے خلاف جنگ میں شدت پیدا کرتے ہوئے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ہائپرسونک میزائلوں اور ڈرونز سے بھرپور حملہ کیا، جس میں فوجی، توانائی اور صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی حکام کے مطابق ان شدید حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے، جبکہ توانائی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے رات گئے حملوں میں 450 سے زائد ڈرونز اور کم از کم 30 میزائل داغے، جن میں جدید ترین کنزال ہائپرسونک میزائل بھی شامل تھے۔ صدر زیلنسکی کے مطابق ان حملوں سے درجنوں شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا، جس سے عام شہریوں کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
یوکرین کے وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ روسی حملوں میں کم از کم پانچ مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں آگ بجھانے، ملبہ ہٹانے اور بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں، تاہم کئی شہروں میں صورتحال تاحال سنگین ہے۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی روس کے اندر شہری اہداف پر یوکرینی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ روسی حکام کے مطابق حملوں میں صرف یوکرین کی فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور اس مقصد کے لیے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
روسی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ یوکرین کے خلاف کارروائی میں کنزال ہائپرسونک میزائل سمیت دیگر جدید جنگی ہتھیار استعمال کیے گئے، جو طویل فاصلے تک انتہائی تیز رفتاری سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ حملے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے ایک نئے اور خطرناک مرحلے کی عکاسی کرتے ہیں۔
