سیلفی لینے کے جنون نے ایک سیاح کو موت کے دہانے تک پہنچا دیا، تاہم قدرت نے اسے کرشماتی طور پر نئی زندگی عطا کر دی۔ یہ حیران کن واقعہ چین کے صوبے سیچوان میں واقع مشہور Huaying Mountain کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک سیاح سیلفی لیتے ہوئے پہاڑی سے نیچے جا گرا مگر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ شخص پہاڑی کی چوٹی پر موبائل فون ہاتھ میں تھامے چل رہا تھا۔ جیسے ہی اس نے سیلفی لینے کے لیے اپنا رخ بدلا، اس کے قدموں تلے موجود چٹان اچانک اپنی جگہ سے ہٹ گئی اور وہ توازن کھو بیٹھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے سیاح تقریباً 130 فٹ گہرائی میں نیچے درختوں کے درمیان جا گرا۔
حادثے کے فوراً بعد وہاں موجود دیگر ہائیکرز گھبراہٹ کے عالم میں پہاڑی کی چوٹی کی جانب دوڑ پڑے۔ سب کو خدشہ تھا کہ اتنی بلندی سے گرنے والا شخص زندہ نہیں بچ سکے گا، تاہم جب معلوم ہوا کہ وہ ہوش میں ہے تو سب دنگ رہ گئے۔ حیرت انگیز طور پر سیاح کو سنگین چوٹیں بھی نہیں آئیں۔
بعد ازاں اس سیاح نے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی داستان بیان کرتے ہوئے لکھا، “میں بے حد خوش قسمت ہوں۔ میں 130 فٹ اونچی پہاڑی سے نیچے گرا اور لگ بھگ 15 میٹر تک ڈھلان پر لڑھکتا رہا۔ جب چٹان اپنی جگہ سے ہٹی تو مجھے یقین ہو گیا تھا کہ اب میں مرنے والا ہوں۔”
دوسری جانب Huaying Mountain نیشنل پارک کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ پارک انتظامیہ کو باضابطہ طور پر کسی سیاح کے پہاڑی سے گرنے کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خطرناک مقامات پر سیلفی لینے کا شوق جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس بار قسمت نے سیاح کا بھرپور ساتھ دیا۔
