پشاور:وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ان معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانی کو یاد کر رہے ہیں، جنہوں نے وطن عزیز کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش تھا، جس نے دلوں کو غم سے بھر دیا، مگر ہمارے حوصلے پست نہ کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ ہماری قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی، اور پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے۔
وزیراعظم نے قوم کو یاد دلایا کہ آج بھی پاکستان دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے، اور ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی اہلکار اور معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ اس کے باوجود ریاست، سیکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دی گئی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سانحہ اے پی ایس کے بہادر بچوں اور ان کے والدین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں بہادری کی مثال ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ مریم نواز شریف نے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ملک کا مستقبل روشن ہے اور سانحہ اے پی ایس کے بچوں کی عظیم قربانی کو کبھی رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔
