اسلام آباد: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبیا کے دورے کے دوران وہاں کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرُ وقار استقبال کیا گیا اور انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عسکری سطح پر روابط مضبوط کرنے، تربیت اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج ملکی سالمیت اور قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے نمٹنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، اور دشمن کو چھپ کے نہیں بلکہ للکار کر مارا جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مستحکم کیے جائیں گے اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر عسکری شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل حفتر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سکیورٹی اور امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جس سے پاکستان اور لیبیا کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔
یہ ملاقات خطے میں امن، استحکام اور عسکری تعاون کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اعتماد اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید تقویت ملے گی۔
