لاہور:پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حادثات کے خدشے کے پیشِ نظر ٹریفک معطل کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ انٹرچینج تک اور موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو ظاہر پیر سے روہڑی تک بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ قومی شاہراہ پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور مناسب فاصلے کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے
