اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکینِ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو مالی سال 2024-25 کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام اراکین کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے شریکِ حیات اور زیرِ کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات سمیت جمع کرائیں۔ الیکشن ایکٹ کے تحت یہ گوشوارے مقررہ فارم بی پر جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جو اراکین مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے، ان کے نام یکم جنوری کو سرکاری طور پر شائع کیے جائیں گے۔ مزید برآں، 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گوشوارے جمع ہونے تک معطل کیے گئے اراکینِ پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلیاں کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، نہ ہی انہیں ووٹنگ یا اجلاس میں شرکت کی اجازت ہو گی۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے متنبہ کیا ہے کہ گوشواروں میں غلط معلومات یا غلط بیانی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ رکن کے خلاف 120 دن کے اندر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم بی الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ اور متعلقہ دفاتر سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے، جبکہ یہ فارم الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام اراکینِ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مقررہ مدت کے اندر اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرائیں۔
