فیصل آباد:فیصل آباد کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی میں معمولی تکرار ایک المناک سانحے میں تبدیل ہو گئی، جہاں مونگ پھلی اٹھا کر کھانے سے منع کرنے پر ایک گاہک نے فائرنگ کر کے مونگ پھلی فروش کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مدثر ریڑھی سے بغیر پیسے دیے مونگ پھلی اٹھا کر کھانے لگا، جس پر فروش نے اسے منع کیا۔ بات بڑھنے پر ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں مونگ پھلی فروش موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مقتول کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ معمولی بات پر ایک محنت کش کی جان لے لی گئی، جو معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کی عکاسی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
