امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق دھمکیوں کے بعد گرین لینڈ کے وزیراعظم جینس نیل سن کا سخت اور واضح بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے امریکی دباؤ کو یکسر مسترد کر دیا۔
گرین لینڈ کے وزیراعظم نے امریکی صدر کے تازہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "بس بہت ہو چکا، ہم مزید دباؤ برداشت نہیں کریں گے”۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ الحاق کے خواب اب گرین لینڈ کے عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔
جینس نیل سن نے واضح کیا کہ گرین لینڈ مذاکرات کا حامی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی بات چیت صرف مناسب سفارتی چینلز کے ذریعے اور باہمی احترام کے ساتھ ہونی چاہیے، دھمکیوں اور طاقت کی زبان قبول نہیں کی جائے گی۔
ادھر فرانس نے بھی گرین لینڈ کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان فرانسیسی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں سرحدیں طاقت کے زور پر تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ، گرین لینڈ کے عوام اور ڈنمارک کے عوام کا ہے، اور یہ انہی کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم حالیہ دھمکیوں کے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
