مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ملک شدید سیاسی بحران کا شکار ہو چکا ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی عملی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے جبکہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے بعد ریاستی نظام پر اعتماد باقی نہیں رہا۔
صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے واضح کیا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات ناگزیر ہیں، اور مجلس وحدت مسلمین اس حوالے سے ہر مثبت کوشش کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کراچی کے ابتر انفرااسٹرکچر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی سڑکوں اور کھلے گٹروں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، اور ہم ان تمام خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، اس کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے اعلان کیا کہ تحریک تحفظ پاکستان کے تحت 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں یومِ سیاہ بھی منایا جائے گا۔
بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اغوا کو شدید الفاظ میں قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اقدام کے ذریعے امریکی آئین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔
پریس کانفرنس میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
